گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اورسیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور دیگرحادثات سے جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق شاہراہ بلتستان پرایک گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی جس میں سوارلاہور سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیرکی خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خصوصی ہدایات
ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اورسیلاب سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے جبکہ 2 افراد لاپتہ اور 5 زخمی ہیں، ضلع غذرمیں صورتحال انتہائی سنگین ہے جہاں سیکڑوں گھرمنہدم ہو چکے ہیں، مساجد شہید ہو گئیں اورسڑکوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
گلگت بلتستان کے چاروں اضلاع میں سیلاب نے وسیع پیمانے پرتباہی مچائی ہے، متاثرہ علاقوں میں خیمے، راشن پیکٹ، ادویات اوردیگرضروری اشیاء متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہیں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ امدادی وبحالی کے کاموں میں بھرپورمصروف ہیں۔
