نوازشریف کس منہ سے لاہور آرہے ہیں، عمران خان

ن لیگی کارکنوں نے اللہ کو جواب نہیں دینا؟ | urduhumnews.wpengine.com

بونیر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سنا ہے نوازشریف اور بیٹی جمعہ کودھوم دھام سے واپس آرہے ہیں، ایسے تیاری کررہے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کر لاہور آرہے ہوں۔ انہوں نے کہا  نوازشریف کس منہ سے لاہور آرہے ہیں۔

انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  باپ اور بیٹی چوری پر پکڑے گئے، یہ دونوں مجرم قوم کے300 ارب روپے لے کر باہر گئے، مجرم سر جھکانے کے بجائے مظلوم بنے بیٹھے ہیں ان کا سیاست میں آنے کا مقصد ٹھیکہ دینا اور پیسہ لینا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ثبوت دکھانے کے لیے دو سال کا موقع ملا لیکن انہیں نے عدالت سے جھوٹ بولا اور جعلی کاغذات دکھائے۔

اپنے خطاب کے دوران عمران خان نے پیپلزپارٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ بلاول! اپنے والد سے پوچھو وہ سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے کیسے ارب پتی بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کو وہاں پہنچا دیا ہے کہ تاریخ میں پاکستان کے اتنے برے حالات نہیں تھے جتنے آج ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا 60 سالوں میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب تھا اور پچھلے دس سالوں میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب تک پہنچ چکا ہے۔ نواز شریف نے 30 سالوں میں پیسہ چوری کیا اور پھر ملک سے باہر لے کر گیا،300 سو ارب اگر پاکستان میں خرچ ہو تو نوکریاں ملیں گی ترقی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی نہریں بہنے سے ملک امیر نہیں ہوتے کرپشن کے خاتمے اداروں کی بہتری اور مضبوط نظام سے ملک امیر ہوتے ہیں۔

آصف زرداری اور نوازشریف نے اس ملک کے ساتھ جو کیا  وہ کسی نہیں کیا۔ نوازشریف کے بیٹے لندن میں بیٹھے ہیں اور پیسہ ان کے پاس ہے۔ جب نیب نے پوچھا کہ پیسہ کہاں سے آیا تو بیٹوں نے جواب دیا کہ ہم پاکستان کی شہری ہی نہیں ہیں ہم جواب نہیں دیں گے۔


متعلقہ خبریں