نیب ریفرنسز کی مدت میں اضافہ: احتساب عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

نیب ریفرنسز کی سماعت: احتساب عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر| urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کی وہ درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی ہے جس میں استدعا کی گئی تھی کہ شریف خاندان کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کا دو رکنی بینچ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں منگل کو درخواست کی سماعت کرے گا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت مکمل کرنے کے لیے مدت میں چوتھی بار توسیع کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔

جج محمد بشیر کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ توسیع کا بیشتر وقت ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت میں صرف ہوا جس کی وجہ سے باقی مقدمات پر سماعت مکمل نہیں ہو سکی ہے۔

خط میں گزارش کی گئی ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ ہو گیا ہے جب کہ العزیزیہ، فلیگ شپ اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز زیرالتواء ہیں لہذا باقی تینوں ریفرنسز کو نمٹانے کے لیے دی گئی مدت میں مزید توسیع کی جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کے خلاف مقدمات درج کرنے اورچھ  ماہ میں ان مقدمات  کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی احتساب عدالت میں سماعت کا آغاز 14 ستمبر 2017 کو ہوا تھا۔

احتساب عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی کارروائی مکمل کرنے کی ڈیڈلائن میں تین مرتبہ  توسیع کرچکی ہے۔


متعلقہ خبریں