کشمیر اور پانی کی تقسیم کا معاملہ بہتر طریقے سے حل کرنے کا وقت آ گیا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو بھی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باپ رقم کیا۔ بھارت نے اپنے گھمنڈ میں پاکستان کی خودمختاری پامال کرنے کی ناکام کوشش کی۔ ہماری خود مختاری ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام لگا کر ہم پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے بھارت کے بےبنیاد الزامات پر تحقیقات کی پیشکش کی۔ تاہم ہم نے صبر کیا مگر بھارت اپنی حرکت سے باز نہ آیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دشمن نے گزشتہ دنوں بزدلانہ اور شرمناک عمل کیا۔ اور حالیہ دنوں میں جو دشمن نے کیا وہ کھلی جارحیت تھی۔ تاہم پاکستان کے جوابی حملے میں دشمن کے فوجی اڈے ڈھیر بن گئے۔ اور بھارتی طیاروں کو اس طرح تباہ کیا جس کو تاریخ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کیا جو بات میز پر ہونی تھی اب میدان جنگ میں ہو گی۔ اور دنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک خودمختار قوم ہے۔ جنگ کے دوران قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی۔ اور ہم نے دشمن کو اس کی زبان میں ہی جواب دینے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، صدر مملکت

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ثابت کر دیا کہ ہمارے جوانوں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، آرمی چیف، سربراہ پاک فضائیہ اور نیول چیف کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے رفال شاہینوں کے سامنے فیل ہوگئے۔ اور بھارت کے ایئربیس دیکھتے دیکھتے کھنڈرات بن گئے۔ بھارت الزامات پر ہم نے پوری طرح تحمل کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کشمیر اور پانی کی تقسیم کا معاملہ بہتر طریقے سے حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بھائیوں کی طرح ہمارا ساتھ دیا۔ چین کے صدر اور عوام کا پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ شہید ارتضا عباس ایسا پھول تھا جو کھلنے سے پہلے مرجھا گیا۔ اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں