بھارتی کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا، وزیراعظم

Shahbaz Sharif

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا۔

وزیر اعظم نے ملک کی موجودہ صورتحال اور بھارت کے خلاف کامیاب جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کئے۔

وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، خالد مگسی، خالد مقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم اور چودھری سالک سے رابطہ ہوا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے رہنماؤں کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور جوابی اقدامات پر اعتماد میں لیا، جبکہ سیاسی قیادت نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے افواج کی مہارت قابل تحسین ہے۔

پاکستان نے مغربی سرحدی علاقوں پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارتی حکام کا اعتراف

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے،جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے تحمل سے کام لیا، پاکستان نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کا کہا جس کو بھارت نے ٹھکرا دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج بھارت نے نور خان ایئربیس اور دیگر مقامات پر میزائل سے حملے کیے، بھارتی حملوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ بھارتی کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا۔

پاک فوج نے ان بھارتی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر حملے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم نے بے گناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے، وزیر اعظم نے قوم کو پاک افواج کے کامیاب آپریشن پر مبارکباددی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔

سیاسی رہنماؤں نے وزیراعظم کو مشکل کی گھڑی میں متحد ہونے کی یقین دہانی کرائی، وزیراعظم نے ملکی سیاسی قیادت کا واشگاف الفاظ میں ساتھ دینے پر اظہار تشکر کیا۔


متعلقہ خبریں