اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرا دیے ہیں۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم فنڈ 2018 میں دس لاکھ روپے جمع کرا ئے ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملکی اور غیر ڈونرز بھی ڈیمز فنڈ میں عطیات بھیج سکیں گے۔
عدالت عظمیٰ پاکستان نےکالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران اندرون ملک و بیرون ملک مقیم شہریوں سے اپیل کی تھی کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے حصہ ڈالیں۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ میں جمع ہونے والا فنڈ کسی اور جگہ استعمال نہیں ہوگا۔
عدالت عظمیٰ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ڈیموں کے لیے دیے جانے والے فنڈ پرکوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوگا اورنہ ہی کوئی ادارہ سوال کرسکے گا۔