اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز خارج کردیے ہیں۔
الیکشن کمیشن سندھ کے رکن عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے ریفرنسز کی سماعت کی، ریفرنسز خارج کرنے کا فیصلہ اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے اور فاروق ستار کی کنوینر شپ ختم ہونے کی بنیاد پر کیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 14 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنسز دائر کیے تھے۔
فاروق ستار نے سابق ارکان قومی اسمبلی آصف حسنین، سفیان یوسف اور سلمان بلوچ جبکہ سابق ارکان صوبائی اسمبلی شیراز وحید، ارم عظیم فاروقی، بلقیس مختار، عارف مسیح بھٹی، ندیم رضی، ارتضی’ خلیل، محمود عبدالرزاق دلاور خان، خالد بن ولایت اور ہیر سوہو کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے سے متعلق ریفرنس دائر کیے تھے۔