سجاول: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کے لیے نکالی گئی ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پانی کی کمی دور کرنے کے لیے سمندر کا پانی میٹھا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا اور آئندہ حکومت میں آنے کے بعد بھوک مٹاؤ پروگرام کے ذریعے عوام کو فوڈ کارڈ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ کارڈ کے ذریعے عوام کو کھانے پینے کی تمام اشیا کم پیسوں پرملیں گی۔
پیر کے دن سجاول پہنچنے کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سجاول کے عوام سے پی پی پی کا رشتہ سیاسی نہیں بلکہ وفاداری کا ہے۔
انہوں نے کہا سجاول کے عوام نے محترمہ کا بھی بھرپور ساتھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا رشتہ دلوں، محبت اور نسلوں کا ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میں نے عہد کیا ہے ہم نے بی بی کا وعدہ نبھانا ہے، بی بی کا پاکستان بچانا ہے اور جس جدوجہد کے لئے محترمہ بے نظیربھٹو نکلی تھیں، اسی کے لیے اب میں خود نکلا ہوں اور پہلی بار آپ سے ووٹ مانگنے آ یا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ نے سندھ کی تاریخ میں سب سے زیادہ کام کیا مگر بہت سارے مسائل اب بھی باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنے کام آپ کرتے ہو اس سے مزید کرنا پڑتا ہے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے جسے حل کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم حکومت میں آنے کے بعد سمندر کا پانی میٹھا کرکے عوام کو میٹھا پانی پہنچائیں گے ۔
سجاول میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کی مدد کی ہے۔