کیا آپ کوئی محمود غزنوی ہیں جو بار بار حملے کر رہے ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی

Malik Ahmed Khan

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کوئی محمود غزنوی ہیں جو بار بار حملے کر رہے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور جماعت کا حق ہے۔ لیکن احتجاج شہریوں کے حقوق متاثر کرنے کا حق نہیں دیتا۔ ایس سی او کے انعقاد سے پاکستان کا بہتر امیج اجاگر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کی حکومت بار بار وفاق پر حملے کر رہی ہے جبکہ امن وامان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ احتجاج میں صوبائی وسائل کو وفاق کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ اور کیا آپ کوئی محمود غزنوی ہیں جو بار بار حملے کر رہے ہیں؟۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی مقدمات کے خاتمے تک احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا، بیرسٹر سیف کا اعلان

ملک احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں ملکی املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ کیا فوجی املاک اور ریڈیو پاکستان پر حملے کرنا پرامن احتجاج ہے؟ اور پی ٹی آئی والوں کی احتجاج کی حد کیا ہو گی؟ کیا احتجاج میں تمام شہر محاصرے میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حلف کے بعد میرے اوپر حدود قیود ہیں اس لیے یکطرفہ نہیں بول سکتا۔ چینی صدر کا دورہ تھا تو ان کا دھرنا چل رہا تھا اور ریڈ زون میں قبریں کھدی ہوئی تھیں۔ 14 اگست کو احتجاج اور ریلی کی منطق سمجھ نہیں آتی کیونکہ 14 اگست کو صرف پاکستان کی بات کرنی ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں