اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کی اسلام آباد آمد پرعوام نے سرکاری پروٹوکول قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق نگراں وزیراعظم کے وی وی آئی پی روٹ پر عوام پھٹ پڑے، غصے میں بھرے لوگوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں توڑ دیں اور پولیس کی ایک نہ سنی۔
شہریوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 20 منٹ سے کھڑے تھے، راستہ نہیں کھولا جا رہا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے دو منٹ کے احکامات دیے ہیں جنھیں نظر انداز کردیا گیا۔
شہریوں نے پولیس سے کہا کہ ہم نہیں مانتے پروٹوکول اور از خود سڑک کھولتے ہوئے تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور موٹر سائیکل اور کار سوار چل پڑے جبکہ پولیس اہلکار کھڑے دیکھتے رہے۔
پاکستان میں ہمیشہ سے سرکاری پروٹوکول کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا رہا ہے جبکہ کئی ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں جس میں ٹریفک جام میں پھنسی ایمبولینس راستہ نہ ملنے کے باعث بروقت اسپتال نہیں پہنچ سکیں اور مریض راستے میں ہی دم توڑ گئے۔