کوئٹہ: کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیرعلاج کانگو وائرس کا مریض انتقال کر گیا۔
فاطمہ جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق 23 سالہ مریض کا تعلق نواحی علاقے کچلاک سے تھا۔ چار روز قبل مریض میں کانگو کی تصدیق ہوئی تھی۔
اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی۔ گزشتہ دنوں ڈی جی محکمہ صحت بلوچستان نے ڈی جی محکمہ لائیو اسٹاک کو مراسلہ بھیجا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ فاطمہ جناح اسپتال میں کانگو کے متعدد مریض لائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان پر ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ کانگو کا مرض کوئٹہ اور دیگر شہروں میں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کوئٹہ کے داخلی راستوں پر ٹیمیں ہنگامی بنیاد پر لگائے اور مویشیوں کو بغیر اسپرے شہر میں داخلے ہونے نہ دیں۔