چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں گاڑی سے ٹکر مار کر باپ بیٹے کی جان لینے والی ملزمہ نتاشہ کو سزا ملنی چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے کارساز ٹریفک حادثے سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ‘یہ کوئی گاڑی نہیں تھی (جس نے لوگوں کو کچلا) بلکہ ایک عورت تھی جس کو اپنے کیے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔’
بختاور بھٹو کا کہنا تھا کہ ‘لڑکی کی نشے کے ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی آنی باقی ہے۔ اسے سزا ملنی چاہیے اور اگر وہ کئی کاروباری اداروں کے بورڈز میں شامل تھیں تو ذہنی صحت کے سنگین مسئلے کو استعمال نہیں کرسکتی۔’
کارساز ٹریفک حادثے میں نیا موڑ، ملزمہ نتاشا کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
اس حوالے سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ‘گل احمد برانڈ کے مالک کی اہلیہ نتاشا دانش کا چہرہ بتاتا ہے کہ اپنی لینڈ کروزر چلاتے ہوئے اسے اپنے حواس پر پوری طرح قابو تھا۔’
ثمینہ ممتاز نے مزید کہا کہ پاکستان میں یہ عام رواج ہے کہ اسپتالوں میں غریب اور بے گناہ افراد کے قتل کے مقدمات میں بری ہونے میں مدد کے لیے بااثر لوگوں کو ذہنی طور پر بیمار قرار دیا جاتا ہے۔