پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملہ، عملے کو یرغمال بنا لیا گیا


مری: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر چیکنگ کے دوران حملہ کر کے عملے کو ایک ہوٹل میں یرغمال بنا لیا گیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی سربراہی میں ایک ٹیم مری کے مال روڈ پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کر رہی تھی، اس دوران انہوں نے گندگی پر ایک ہوٹل کو سیل کرنے کی کوشش کی تو ان پر حملہ کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق یہ ہوٹل سابق ممبر پنجاب اسمبلی راجہ اشفاق سرور کی ملکیت ہے، صفائی کے ناقص اقدامات کی وجہ سے فوڈ اتھارٹی کا عملہ اسے بند کرنے پہنچا تو غنڈوں نے ان پر حملہ کر دیا اور انہیں ہوٹل کے اندر ہی یرغمال بنا لیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یرغمال بنائے جانے والے افراد میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل بھی شامل تھے، اس دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی گئی، یرغمال بنائے گئے افراد کو بعد ازاں ہوٹل سے جانے دیا گیا۔


متعلقہ خبریں