حیدرآباد: پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی امیدواروں پر وفاداریاں بدلنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، وقت نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کو ضیا اور مشرف آمریت کی باقیات کے مقابلے کا کردار سونپ دیا ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میں الیکشن کمیشن سے صاف شفاف انتخابات یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت تمام متعلق ادارے اپنی غیرجانبداری یقینی بنائیں اور الیکشن کمیشن انتخابات سے عوام کا اعتماد نہ اٹھنے دے کیونکہ اگر عوام کا انتخابات سے اعتماد اٹھ گیا تو وفاق اور جمہوریت کیلئے خطرناک ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان یہ تاثر دے رہے ہیں کہ تحریک انصاف دور حاضر کی کنگز پارٹی اور نئی قاف لیگ ہے کیونکہ لاڈلا عمران خان اداروں کے رویے کی بنیاد پر دعویٰ کر رہا ہے کہ اسے حکومت میں لایا جا رہا ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ لاڈلے کی اکیلے انتخابات لڑنے کی خواہش ہے لیکن پیپلزپارٹی اُس کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہونے دے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ نون لیگ کے بعد اب پیپلزپارٹی کو توڑا جا رہا ہے تو ایسی خواہش رکھنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کیونکہ پیپلزپارٹی نہ پہلے کبھی ٹوٹی اور نہ اب ٹوٹے گی۔
مولا بخش چانڈیو نے دعویٰ کیا کہ آصف علی زرداری کے تدبر اور بے نظیر بھٹو کی قربانی سے ہی تیسرے عام انتخابات ممکن ہو رہے ہیں اور پاکستانی قوم مطمئن رہے کیونکہ ہم آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں آمریت کی باقیات کا مقابلہ کریں گے۔