پاکستان سمیت مختلف ممالک میں آج ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور انکے ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔
تہران کی جانب سے پیر کو اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور انکے دیگر ساتھی اتوار کو مشرقی آذربائیجان صوبے کے ایک پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستانی عوام کی طرف سے ایرانی صدر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر و دیگر کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی
شہباز شریف کا کہنا تھا کہا ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پر آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔
بھارت نے بھی ایرانی صدر رئیسی کی موت کے بعد ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منگل کو قومی سوگ کا اعلان کیا۔
بھارتی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ ‘جاں بحق ہونے والے معززین کے احترام کے طور پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک دن کا سرکاری سوگ منایا جائے گا۔یوم سوگ کے موقع پر بھارت کی تمام عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا، اس دن کوئی سرکاری کام نہیں ہوگا۔
تبریز کے امام جمعہ حادثے کے بعد تقریباً ایک گھنٹہ زندہ رہے،ڈیزاسٹر مینجمنٹ
دوسری طرف شام اور لبنان حکومت کی جانب سے بھی ایرانی صدر کی وفات پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ عراق نے بھی ایرانی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ اعلیٰ شخصیات کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر ایران میں بھی 5 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر کی نماز جنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی۔