بشکیک سے پاکستانی طلبا کو لے کر پرواز لاہور ائیر پورٹ پہنچ گئی

Airport

لاہور: کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے پاکستانی طلبا کو لانے والی پرواز لاہور پہنچ گئی۔

بشکیک سے آنے والی پرواز کے اے 571 کے ذریعے 180 سے زائد طلبا وطن واپس پہنچے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر طلبا کا استقبال کیا۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق بشکیک میں پھنسے طلبا اور مسافروں کو لانے کے لیے مزید پروازیں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ خصوصی پروازیں اتوار کو بھی بشکیک سے پاکستان کے لیے چلائی جائیں گی۔

وطن واپس پہنچنے والے طالبعلم شاہزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پولیس اور سیکیورٹی ایجنسز نے ہماری کوئی مدد نہیں کی۔ ہم سب اپنی ٹکٹس خود کرواکے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے 2 سے 3 گھنٹے کے بعد سیکیورٹی فورسز پہنچی اور علاقے کا محاصرہ کیا۔ پاکستانی سفارتخانے سے جو بھی بیان آرہا تھا وہ سب غلط ہے۔پاکستانی سفارتخانے والے کہہ رہے تھے کہ سب کچھ کنٹرول میں تھا لیکن ایسا کچھ نہیں تھا۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ کے ہمراہ، وفاقی وزیر امیر مقام بھی کرغزستان جائیں گے۔ دونوں وزراء آج صبح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے کیسز میں کچھ نہیں، میرٹ پر ریلیف ملے گا، علی محمد خان

وزیر خارجہ بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ زخمی طلبا کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیر خارجہ پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف گزشتہ روز بشکیک میں پاکستانی سفیر سے بھی رابطے میں رہے اور پورا دن صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں