واشنگٹن: اسپیس ایکس نے مزید 20 اسٹار لنک انٹرنیٹ سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کی نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے مزید 20 اسٹار لنک سیٹلائٹس مدار میں بھیج دیئے ہیں۔ جن میں سے 13 ڈائریکٹ ٹو سیل صلاحیت کے حامل ہیں۔
اسپیس ایکس کے مطابق یہ سیٹلائٹ کیلیفورنیا کے وینڈنبرگ اسپیس فورس بیس سے صبح 11 بجکر 39 منٹ (بحرالکاہل وقت) پر فالکن 9 راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجے گئے۔
چند منٹ بعد فالکن 9 کا پہلے مرحلے کا بوسٹر واپس آیا اور بحر الکاہل میں تعینات “آف کورس آئی اسٹل لو یو” ڈرون شپ پر اترگیا۔
یہ بھی پڑھیں: چاند پر پانی کے آثار دریافت کر لیے، چینی سائنسدان
بعد ازاں اسپیس ایکس نے 20 سیٹلائٹس کے طے شدہ مدار میں موجودگی کی تصدیق کر دی۔
اسپیس ایکس کے مطابق اسٹار لنک ان مقامات پر تیز رفتار براڈ بینڈ انٹرنیٹ فراہم کرے گا جہاں رسائی ناقابل اعتماد، مہنگی یا مکمل طور پر دستیاب نہیں ہے۔