سابق قومی اولمپئنز نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل کے لیے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا۔
پاکستان اور جاپان کی ہاکی ٹیموں کے درمیان 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل آج ساڑھے پانچ بجے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے 13 سال بعد ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا لیگ میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا تھا۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان بدستور ناقابل شکست، آخری میچ برابر
عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 15واں اور جاپان کا 16واں نمبر ہے،پاکستان بمقابلہ جاپان فائنل بارے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ پاکستان فائنل میں ایک کے مقابلے میں دو یا پھر تین گول سے جیت سکتا ہے،انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ دباؤ لینے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب اولمپئن قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں جاپان سے آگے ہے اور یہ بات پاکستان ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاپان کے خلاف فائنل سے قبل قومی ٹیم نے بہترین ہاکی کھیلی اور انہیں لگتا ہے کہ فائنل میں جاپان کے خلاف قومی ہاکی ٹیم جیت کے لیے فیورٹ ہے۔