کوالالمپور: سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے شاندار آغاز کیا۔ پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان پہلے کوارٹر کا کھیل ختم ہوا تو میچ ایک، ایک گول سے برابر تھا، دوسرے کوارٹر میں ملائیشیا کو میچ میں دو، ایک کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے میچ کے تیسرے کوارٹر کا کھیل ختم ہوا تو ملائیشیا کو میچ میں تین، ایک کی برتری حاصل تھی لیکن چوتھے کوارٹر میں ملائیشیا کی ٹیم صرف ایک گول کر سکی۔
چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 4 گول داغ دیئے اور ملائیشیا کو 4 کے مقابلے 5 گول سے شکست دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ، نیویارک میں ہوٹلز کے کرائے 600 فیصد بڑھ گئے
واضح رہے کہ یہ ٹورنامنٹ 4 سے 11 مئی تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ایونٹ میں میزبان ملائیشیا سمیت 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، جاپان اور کینیڈا شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان نے اپنا پہلا میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلا جبکہ دوسرا میچ جنوبی کوریا، تیسرا جاپان، چوتھا کینیڈا اور پانچواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔