ہم ٹی وی کے مشہور و معروف ڈرامہ سیریل عشق مرشد جس نے نہ صرف مقامی بلکہ سرحد پار شائقین کی پسندیدگی کی سند حاصل کی‘ کی آخری قسط گزشتہ روز ملک کے تمام سینماؤں میں بیک وقت نمائش کیلئے پیش کی گئی۔
لاہور کے یونیورسل سینما میں خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈرامے کے مرکزی اداکاروں، شوبز کے جانے مانے چہروں، بلاگرز اور مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سجایا گیا ریڈ کارپٹ ستاروں کی کہکشاں کا منظر پیش کررہا تھا جہاں میزبان حمزہ مجید مہمانوں سے ان کے خیالات جاننے کی کوشش میں مشغول تھے جب کہ ڈرامے کے مرکزی ستارے بلال عباس خان اور درفشاں سلیم ہزاروں کیمروں کی زد میں نظر آئے۔ سفید لباس میں ملبوس مداحوں میں گھری اس جوڑی نے اس موقع پر صحافیوں اور بلاگرز کے سوالوں کے جواب دیے۔
تقریب میں ڈرامے کے نمایاں ترین کردار علی گل ملاح المعروف بھلے بھی نگاہوں کا مرکز رہے جب کہ فرحان سلیم، شجیعہ نیازی، مومن ثاقب، مومل پروڈکشن کی روح رواں مومل شنید، مومل پروڈکشن کی ٹیم اور ہم نیٹ ورک کے سی ای او دُرید قریشی نے خصوصی شرکت کی۔
ریڈ کارپٹ کے بعد سینما میں اسکریننگ کی گئی جہاں بڑے پردے پر رومانس، جذبات اور دل کے چھولینے والے انداز حاضرین کی آنکھوں میں آنسو، ہونٹوں پر ہنسی اور تالیوں کا سبب بنتے رہے۔قسط کے اختتام پر حاضرین کی زبردست تالیاں اس ڈرامے کی کامیابی کا ثبوت تھیں۔
اسکریننگ کے موقع پر بات کرتے ہوئے ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے کہا کہ ”ہم ٹی وی نے ہمیشہ اپنے پلیٹ فارم سے عوامی معیارکے ڈرامے پیش کرنے کی کوشش کی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ ہمارے ڈراموں کو پسند کرتے ہیں اور ہمیں مزید اچھے ڈرامے بنانے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔“
اسکرین کے موقع پر ”عشق مرشد“ کے پرستاروں نے ہم ٹی وی کی جانب سے ایک بہترین شو پیش کرنے پر اپنی محبت کا اظہار کیا۔فاروق رند کی زیر ہدایت بننے والے عشق مرشد کی تمام اقساط کو لاکھوں کی تعداد میں دیکھا گیاجبکہ اس کے او ایس ٹی نے بھی دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
مداحوں نے بلال عباس خان اور درفشاں سلیم کو مرکزی کرداروں جبکہ علی گل ملاح کو معاون کردار کے طور پر بے حد پسند کیا۔مومل انٹرٹینمنٹ اور ایم ڈی پروڈکشن کے زیراہتمام عبدالخالق خان کا لکھا ہوا ڈرامہ اپنی ابتداء ہی سے ریٹنگ چارٹ میں سرفہرست رہا اور مہینوں تک اس کی توجہ کا مرکز رہا۔
نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز جون میں ہوگا، شاہ رخ خان
یاد رہے کہ عشق مرشد ہم ٹی وی سے پیش کیا جانے والا چوتھا ڈرامہ ہے جس کی بین الاقوامی شہرت کے سبب اس کی آخری قسط کو سینماؤں کی زینت بنایا گیا ہے۔
قبل ازیں زندگی گلزار ہے، ہمسفر اورپری زاد کی آخری اقساط کو بھی بڑی اسکرین پر پیش کیا جاچکا ہے۔عشق مرشد کی آخری قسط کی اسکریننگ کو بھی ملک بھر کے سینما گھروں میں عوام کی بڑی تعداد نے دیکھا اور سراہا۔عشق مرشد کی آخری قسط ٹی وی پر 5مئی کو پیش کی جائے گی۔