پاکستان کے میزائل پروگرام میں معاونت کا الزام، 4 کمپنیوں پر پابندی عائد

Missile

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کا سامان فراہم کرنے کے الزام میں 4 کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے سامان فراہم کرنے کے الزام میں 3 چینی اور بیلا روس کی ایک کمپنی پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ 3 چینی اور ایک بیلا روسی کمپنی نے پاکستان کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت بیلسٹک میزائل بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے انہوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ یا ان کی ترسیل کے لیے پاکستان کو مواد فراہم کرنے میں تعاون کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قطر نے دنیا کے بہترین ایئرپورٹ کا ایوارڈ حاصل کر لیا

میتھیو ملر نے کہا کہ ان کمپنیوں کی وجہ سے پاکستان کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری، حصول اور نقل و حمل کی کوششوں میں مدد ملی۔ ان کمپنیوں نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام سمیت اس کے بیلسٹک میزائل کی تیاری میں بھی مدد فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے دیگر شراکت داروں کے ساتھ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے نیٹ ورکس کی روک تھام کا نظام مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس سے قبل اکتوبر 2023 میں بھی امریکہ نے پاکستان کو بیلسٹک میزائل پروگرام کے پرزہ جات اور سامان فراہم کرنے کے الزام میں چین کی 3 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں