ملک بھر میں مزید بارش کی پیشگوئی

Rain

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے بیشتر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا ثوبیہ شاہد سے بدتمیزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جبکہ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی،گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پیپلز پارٹی کا بہرا مند تنگی کی قرارداد سے لاتعلقی کا اظہار

مری، گلیات اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کی امید ہے۔


متعلقہ خبریں