پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والوں کیلئے ضروری ہدایات

پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والوں کیلئے ضروری ہدایات

پاکستان بھر میں 2024 کے عام انتخابات کیلئے جہاں ووٹنگ کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے وہیں ہر شہری حق رائے دہی کا استعمال کرنے جوک در جوک پولنگ اسٹیشن کا رخ کر رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے ووٹرز کی آسانی کیلئے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار اور ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ووٹ ڈالنے کے لیے اصلی شناختی کارڈ کا ساتھ ہونا لازم ہے۔ کاپی یا سافٹ کاپی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

سیاستدانوں میں سب سے پہلے شہباز شریف نے ووٹ کاسٹ کیا

پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے بعد ووٹر کو اپنا اصل شناختی کارڈ پریزائڈنگ افسر کو دینا ہوگا۔ شناختی کارڈ پولنگ افسر کے حوالے کرنے کے بعد ووٹر کے دائیں انگوٹھے پر اَن مِٹ روشنائی سے نشان لگایا جائے گا۔

پریزائیڈنگ افسر ووٹر کی تصویر کے سامنے انگوٹھے کا نشان لگوائے گا اور ووٹر کا نام ووٹر فہرست سے کاٹ دے گا۔ اگلے مرحلے میں اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کی طرف سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے بیلٹ پیپرز دیے جائیں گے۔

الیکشن 2024: نواز اور شہباز شریف شیر کے بجائے عُقاب پر مُہر لگائیں گے

خیال رہے کہ ہر ووٹر کو ووٹنگ کیلئے قومی اسمبلی کا سبز اور صوبائی اسمبلی کا سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا۔ اس کے بعد ووٹرز ووٹنگ اسکرین کے پیچھے صوبائی و قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔

آخری مرحلے میں ووٹر کو بیلٹ پیپر فولڈ کرکے بیلٹ بکس میں ڈالنا ہوگا۔ بیلٹ پیپر تہہ کرنے سے قبل یہ بات یقینی بنانا ضروری ہے کہ مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہو۔


متعلقہ خبریں