واٹس ایپ نے صارفین کو بڑی سہولت فراہم کر دی

whatsapp

کیلیفورنیا: مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو سال کی پہلی بڑی سہولت فراہم کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا کی جانب سے واٹس ایپ چینلز کے لیے سال 2024 کی پہلی بڑی اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔ واٹس ایپ سال 2023 جون میں چند ممالک میں متعارف کرایا گیا تاہم چینلز فیچر ماہ ستمبر میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کر دیئے گئے۔

واٹس ایپ صارفین اپنی پسند کی شخصیت، اسپورٹس اور دیگر موضوعات کی اپ ڈیٹس کو چینلز کے ذریعے جان سکتے ہیں۔

گزشتہ سال نومبر میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ محض 7 ہفتوں میں واٹس ایپ چینلز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہو گئی۔ واٹس ایپ چینلز کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے میٹا کی جانب سے اس میں مزید فیچرز کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کا اے آئی ٹیکنالوجی سے متعلق فیچر متعارف کرانے کا اعلان

میٹا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ چینلز میں وائس نوٹس، پولز اور اضافی ایڈمنز جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد واٹس ایپ چینلز چلانے والے اپنے فالوورز کے ساتھ وائس اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں گے جس سے انگیجمنٹ میں اضافہ ہو گا۔

کمپنی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کی جانب سے روزانہ 7 ارب وائس میسجز بھیجے جاتے ہیں اور اسی طرح واٹس ایپ چینلز میں مختلف موضوعات پر پولز کرانے کے آپشن کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔

ابھی چینلز میں صارفین صرف ایموجیز کے ذریعے ہی اپنے ردعمل کا اظہار کر سکتے ہیں تاہم ایک اور نیا فیچر چینل اپ ڈیٹس کو واٹس ایپ اسٹیٹس میں شیئر کرنے کا ہے۔ اس فیچر سے چینل ایڈمنز کو اپنے چینل کو مقبول کرنے میں مدد ملے گی۔

میٹا کے مطابق اب ایک چینل کو چلانے کے لیے 15 ایڈمنز کو ایڈ کرنا ممکن ہو گا جس سے صارفین کے ساتھ اپ ڈیٹس کو شیئر کرنے کا عمل زیادہ تیز ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں