انتخابی پرچی بتائے گی عوام کس کو چاہتے ہیں، شہباز شریف


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابی پرچی بتائے گی عوام کس کو چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، رانا مشہود، سردار اویس خان لغاری اور شاہین بٹ نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پارٹی کے معاملات اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والے رہنماؤں نے انتخابی تیاریوں اور اپنے حلقوں میں جاری سرگرمیوں سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کو عوام 4 سالوں میں مہنگائی کا ظلم ڈھانے والوں کا سیاسی طور پر صفایا کر دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی ضمانت کے باوجود رہائی نہ ہو سکی

شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابی مہم کے لیے بھرپور تیاری اور گھر گھر جا کر عوام کو متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان اور رہنما ہر گھر میں جا کر نواز شریف کا پیغام پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کا فیصلہ عوام کریں گے اور اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کی طاقت سے مسلم لیگ ن فتح حاصل کر لے گی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے ہدایت کی کہ ہر حلقے اور عوام کو متحرے کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ انتخابی مہم بتائے گی کہ عوام کس کو چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ایک بار پھر عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔


متعلقہ خبریں