حوثی رہنما کا امریکی جنگی جہازوں پر حملے کی دھمکی


صنعا: یمن کے حوثی رہنما نے امریکی جنگی جہازوں پر حملے کرنے کی دھمکی دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے امریکہ کو دھمکی دی ہے کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ گروپ کو واشنگٹن نے نشانہ بنایا تو وہ بحیرہ احمر میں امریکہ جنگی جہازوں پر حملے کریں گے۔

حوثی رہنما نے کہا کہ امریکہ کو افغانستان اور ویتنام میں جو کچھ برداشت کرنا پڑا اب اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکیوں کو مزید کشیدگی پیدا کرنے یا ہمارے خلاف جنگ چھیڑنے کی حماقت کی ترغیب دی گئی تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔

عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ ہمارے ملک پر حملہ کیا گیا تو ہم امریکی جنگی جہازوں، مفادات اور نیوی گیشن کو اپنے میزائلوں، ڈرونز اور فوجی کارروائیوں کا ہدف بنائیں گے۔

واضح رہے کہ یمن کے وسیع علاقے پر قابض حوثی باغیوں نے گزشتہ ماہ سے بحیرہ احمر سے گزرنے والے عالمی بحری جہازوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے قاہرہ پہنچ گئے

یاد رہے کہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں اپنے حملوں میں اضافہ کرتے ہوئے اسرائیل جانے والے تمام بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی اور شپنگ کمپنیوں کو اسرائیلی بندرگاہوں سے نمٹنے کے خلاف متنبہ کر رکھا ہے۔

جس کے بعد حوثی حملوں سے نمٹنے کے لیے برطانیہ، بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز، ناروے، سیشیلز اور اسپین نے امریکہ کے ساتھ مل کر جنوبی بحیرہ احمر اور اس سے ملحقہ خلیج عدن میں مشترکہ گشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں