بھارتی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران نامعلوم افراد کا دھاوا


نئی دہلی: بھارتی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا اور ارکان اسمبلی کے درمیان پہنچ گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے بعد پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور اراکین ڈیسکوں کے نیچے چھپنے پر مجبور ہوگئے۔

اسمبلی ہال میں نامعلوم افراد نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور رنگین گیس پھینکی جس سے اسمبلی دھوئیں سے بھر گئی۔

پارلیمنٹ اجلاس کے دوران ہال میں راہول گاندھی، مرکزی وزراء اور متعدد ارکان موجود تھے جبکہ نامعلوم افراد کی اسمبلی ہال میں گھسنے کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

لاکھوں افراد نے پارلیمنٹ میں اجنبی افراد کے داخل ہونے کی براہ راست کوریج ٹی وی پر دیکھی۔

پارلیمنٹ میں گھسنے والے دونوں افراد مہمان گیلری سے چھلانگ لگا کر لوک سبھا چیمبر تک پہنچے۔ پارلیمنٹ میں گھسنے والوں نے زرد رنگ کی گیس چھوڑ دی جس سے اسمبلی ہال میں پیلے بادل چھا گئے اور افراتفری مچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہشمند

پولیس نے اسمبلی ہال کے اندر سے 2 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ خاتون سمیت 2 کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔

اسپیکر نے اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا تاہم کچھ دیر وقفے کے بعد اجلاس کو دوبارہ شروع کیا گیا۔ اسپیکر اوم برلا نے مختصر رولنگ میں کہا کہ ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور دہلی پولیس کو تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پارلیمنٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔


متعلقہ خبریں