مودی کو پنوتی کیوں کہا ؟ نوٹس جاری، جواب طلب


نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پنوتی کہنے پر بھارتی الیکشن کمیشن نے کانگریس رہنما راہول گاندھی کو نوٹس جاری کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پنوتی اور جیب کترا کہنا کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کو مہنگا پڑ گیا۔ بھارتی الیکشن کمیشن نے راہول گاندھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو پنوتی اور جیب کترا کہنا سیاسی پارٹی کے ایک بہت ہی سینیئر لیڈر کے لیے غیر مناسب ہے۔ راہول گاندھی ہفتہ کی شام 6 بجے تک جواب جمع کروائیں اور وضاحت پیش کریں کہ ان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کیوں نہ کی جائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کو راجستھان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ اچھے بھلے ہمارے لڑکے ورلڈ کپ جیت جاتے لیکن پنوتی نے ہروا دیا۔

نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی نے راہول گاندھی کے وزیر اعظم نریندر مودی سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان پر شدید تنقید کی اور ان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔


متعلقہ خبریں