غزہ میں عارضی جنگ بندی کا آغاز آج سے


دوحہ: غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی کا آغاز آج صبح سے ہو گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 4 روزہ عارضی جنگ بندی جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے) شروع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اسی روز شام 4 بجے تک حماس کی قید سے 13 سویلین صیہونی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا جن میں خواتین اور بچے شامل ہوں گے۔ دوسری جانب امدادی ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوں گے۔

حماس اسرائیل معاہدے کے تحت صیہونی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کو بھی رہا کیا جائے گا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق دوحہ میں ایک آپریشن روم جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی نگرانی کرے گا جبکہ قطری حکام اسرائیل، دوحہ میں حماس کے سیاسی دفتر اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ کے الشفاء اسپتال سے ملنے والی 100 سے زائد لاشوں کی اجتماعی قبر میں تدفین

واضح رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے ثالث کاروں میں قطر کے ساتھ مصر بھی شامل ہے۔

حماس کے مطابق جنگ بندی کے دوران اسرائیلی طیاروں کی جنوبی غزہ میں پروازوں پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ غزہ سٹی اور شمالی غزہ پر روزانہ 6 گھنٹے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اسرائیلی طیارے پرواز نہیں کریں گے۔

حماس کا کہنا ہے کہ ہر اسرائیلی قیدی کے بدلے 3 فلسطینی قیدی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا۔ حماس 4 دنوں میں 50 اسرائیلی قیدی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔

حماس کے مطابق غزہ میں روزانہ 200 امدادی ٹرکوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی جس میں “کھانا پکانے والی گیس” سمیت ایندھن کے 4 ٹرک شامل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں