نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا


ورلڈکپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا، کیویز نے 172 رنز کا ہدف 24 ویں اوور میں حاصل کر کے پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی تقریبا ناممکن بنا دی ہے۔

بینگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

چھوٹے ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے 86 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جہاں ڈیون کونوے نے 45 اور رچن رویندرا نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز 88 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے لیکن آنے والے بلے بازوں نے تیز رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

کپتان کین ولیمسن نے 14 اور ڈیرل مچل نے 43 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب کر دیا۔

اختتامی لمحات میں مارک چپمین کے 7، گلین فلپس کے 17 اور ٹام لیتھم کے 12 رنز کی بدولت کیوی ٹیم نے ہدف 24 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

سری لنکن اننگز

سری لنکن بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کیوی بولرز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ساتھ ساتھ وکٹیں لینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔

نیوزی لینڈ نے ابتدائی 9 اوورز کے دوران 70 رنز دے کر 5 سری لنکن بیٹرز کو واپس پویلین بھیج دیا۔ یہاں پر کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

سری لنکا کی آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوس اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب انجیلو میتھیوس 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی ساتویں وکٹ 18.3 اوورز میں 105 رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 23.3 اوورز میں 113 رنز پر گری جب کرونا رتنے 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کو 9 واں نقصان 128 رنز پر اٹھانا پڑا جب دشمانتھا پریرا 32 ویں اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دسویں وکٹ پر مہیش ٹھیکشنا اور دلشن مدھوشنکا نے 43 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 171 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

مدھوشنکا 47 ویں اوور میں رچن رویندرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور سری لنکن اننگز تمام ہوگئی۔

مہیش ٹھیکشنا نے کیوی بولنگ اٹیک کا سامنا کیا اور 91 گیندیں کھیل کر 38 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 وکٹیں لیں۔ لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور رچن رویندرا نے دو دو جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

عمدہ بولنگ پرفارمنس پر ٹرینٹ بولٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ورلڈ کپ کا اہم میچ، نیوزی لینڈ کی سیمی فائنل اور سری لنکا کی چیمپئنز ٹرافی پر نظریں

ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بالنگ کریں گے۔

نیوزی لینڈ نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ آج کا میچ بہت اہم ہے اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بائولنگ کرتے۔


متعلقہ خبریں