آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین آج ہونے والا میچ اہمیت اختیار کرگیا، نیوزی لینڈ ٹیم ورلڈ کپ سیمی فائنل مرحلے میں رسائی اورسری لنکا چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زورلگائے گی۔
جمعرات کو بنگلور میں ہونے والے ورلڈ کپ کے میچ کے دوران بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، بھارت، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلے ہی ورلڈکپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ چوتھی سیمی فائنلسٹ ٹیم کے لئے پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔
آج سری لنکا کے خلاف میچ میں فتح کے باوجود نیوزی لینڈ ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا ٹکٹ پکا نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان ٹیم کا ایک میچ باقی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ورلڈ کپ میں اب تک 8,8 پوائنٹس ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کو رن ریٹ کے حوالے سے پاکستان پر برتری حاصل ہے۔
ورلڈکپ: ویرات کوہلی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سنسنی خیز میچ ‘سیلون’ میں دیکھا
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ میں کیوی ٹیم شکست سے دوچار ہوئی یا میچ بارش کی نذر ہوا تو پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے انگلینڈ کے خلاف میچ میں صرف فتح حاصل کرنا ہوگی، اگر نیوزی لینڈ نے میچ میں فتح حاصل کی تو پاکستان کوانگلینڈ کے خلاف آخری میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔
اسی طرح سری لنکا کو آئندہ چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے لئے اس میچ میں فتح انتہائی ضروری ہے۔ سری لنکا ٹیم ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت آٹھویں پوزیشن پر ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ آٹھ ٹیمیں آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025میں کوالیفائی کریں گی۔میزبان پاکستان سمیت بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ،نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ دوٹیموں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔