کھینچا تانی کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھینچا تانی کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔

آئی پی پی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم دیکھیں گے منصور علی خان کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کے بجائے ہم ان کی پالیسی کو ٹارگٹ کریں اور ہم انتخابات ہاریں یا جیتیں لیکن اپنے زور بازو پر کھیلیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے اصل منشور سے ہٹ گئی ہے اور پی ٹی آئی نے سیاسی مورچے کے بجائے اداروں پر حملے شروع کر دیئے تھے۔ پی ٹی آئی نے کھوکھلے نعرے لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی، عطا اللہ تارڑ

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہماری پنجہ آزمائی مسلم لیگ ن کے ساتھ ہو گی اور ہم بیساکھیوں یا کسی اور کے سہارے پر سیاسی چورن لے کر عوام میں نہیں جائیں گے اور ان کے حصے کی بوریاں ہم اپنے کندھوں پر نہیں اٹھائیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ 16 ماہ کی کارکردگی کا جواب انہوں نے دینا ہے ہم کیوں دیں ؟ جبکہ جمعہ کو حافظ آباد میں استحکام پاکستان پارٹی جلسہ کرنے جا رہی ہے اور عطا اللہ تارڑ کے ہوم گراؤنڈ میں ہم پچ کو چیک کرنے جا رہے ہیں۔

رہنما آئی پی پی نے کہا کہ جہانیاں کی طرح حافظ آباد میں بھی کھڑکی توڑ رش کے ساتھ اپنا بیانیہ پیش کریں گے اور پی ٹی آئی سیاسی جماعت سے زیادہ ایک شخصیت کا فین کلب بن چکی ہے۔


متعلقہ خبریں