سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ورلڈکپ: ایک اور اپ سیٹ ہونے کو تیار، سری لنکا کیخلاف انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف 26ویں اوور میں حاصل کرکے ٹیم کے رن ریٹ میں بھی قابلِ ذکر اضافہ کردیا۔

یوں سری لنکن ٹیم بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے۔

بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم یہ پارٹنر شپ 6.3 اوورز تک قائم رہی۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 45 رنز پر گری جس کے بعد وقفے وقفے سے مزید 6 وکٹیں 25.5 اوورز میں 123 رنز پر گر گئیں۔

وکٹ کی ایک جانب بین اسٹوکس نے ٹیم کو سنبھالا لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری انگلش ٹیم 34ویں اوور میں 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جبکہ جونی بیئرسٹو نے 30 اور ڈیوڈ ملان نے 28 رنز کی اننگز کھیلیں۔ علاوہ ازیں معین علی نے 15 اور ڈیوڈ ویلی نے 14 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینجیلو میتھیوس اور کاسن رجیتھا نے دو دو جبکہ مہیش ٹھیکشنا نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا۔ اسکی پہلی وکٹ 9 کے مجموعے پر گری جب کوشل پریرا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دوسری وکٹ 23 کے اسکور پر گری جب کپتان کوشل مینڈس 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دونوں کو ڈیوڈ ویلی نے آؤٹ کیا۔

اسکے بعد پاتھم نسانکا اور سدیرا سماراوکراما نے تیسری وکٹ پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنا کو انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی۔

سری لنکا کے لہیرو کمارا کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم بہتر رن اوسط کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگئی جبکہ پاکستان ٹیم چھٹے نمبر پر چلی گئی۔


متعلقہ خبریں