اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری فلسطینی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان میں فلسطین کے سفارتکار احمد جواد امین ربیعی سے ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی سفارتکار احمد جواد امین ربیعی سے غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور اہلیان فلسطین کے لیے اظہار یکجہتی کا پیغام دیا۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو فلسطینی سفارتکار نے فلسطینی مزاحمت کا علامتی رومال پہنایا جبکہ بلاول بھٹو نے فلسطینی سفارتخانے کی گیسٹ بک میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان شہریوں سے 12ہزار سے زائد جعلی پاسپورٹ برآمد

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں فلسطین کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے فلسطینی قیادت کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔

انہوں نے کہا کہ یاسر عرفات نے فلسطین کاز کے لیے جدوجہد کرنے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو گڑھی خدا بخش پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے۔


متعلقہ خبریں