فراڈ کرنے والے 2 ہزار ملزمان کے شناختی کارڈ بلیک لسٹ


اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فراڈ کرنے والے 2 ہزار عادی ملزمان کے شناختی کارڈز بلیک لسٹ کر دیئے۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے معاوضے کے لالچ اور گیم شو میں انعام کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں کے ساتھ نوسربازی میں ملوث 2 ہزار ملزمان کے شناختی کارڈز بلیک لسٹ  کیے گئے ہیں۔

پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیے گئے شناختی کارڈز پر آئندہ کوئی سم جاری نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق رواں سال فراڈ سے متعلق 15 ہزار شکایات موصول ہوئی تھیں جس میں سے زیادہ تر شکایات بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور گیم شوز کے حوالے سے تھیں جن میں سے 99 فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بحریہ ٹاون کی سندھ سرکاری زمین کیس میں 460 ارب روپے کی ادائیگی سے معذرت

پی ٹی اے نے عوام سے غیرقانونی لون ایپس سے محتاط رہنے اور مالی فراڈ کے حوالے سے شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی اپیل کی۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ مالی فراڈ ہونے پر لوگ اسٹیٹ بینک اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ کو ضرور شکایت کریں۔


متعلقہ خبریں