الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی


لاہور: پنجاب کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت نے الیکشن رولز میں ترمیم کرتے ہوئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ای وی ایم فی الحال قابل عمل منصوبہ نہیں وقت کا ضیاع ہے۔

پنجاب حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے ای وی ایم کو ختم کر دیا اور ای وی ایم کو ختم کرنے کا آرڈیننس الیکشن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا۔ آرڈیننس 3 ماہ تک نافذ العمل رہے گا اور بعد میں 3 ماہ کی توسیع کابینہ کرے گی۔

کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ای وی ایم کو استعمال کرنے یا نہ کرنے کا استحقاق سیاسی حکومت کا ہے اور ای وی ویم کے استعمال سے انتخابی نتائج متنازع تصور ہوں گے۔ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہے وہاں ای وی ایم نہیں چل سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی واپسی سے متعلق قانونی رائے لی جائے گی، انوارالحق کاکڑ

بریفنگ میں کہا گیا کہ ای وی ایم کے استعمال کے لیے ایک پورا نیٹ ورک استعمال ہو گا جو حکومت کے پاس نہیں ہے اور ای وی ایم کے استعمال کے لیے پچھلی سیاسی حکومت نے بجٹ میں رقم مختص نہیں کی۔

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور دلشاد نے کہا کہ نگران حکومت آرڈیننس کے ذریعے ای وی ایم کو ختم کر سکتی ہے۔ بزدار حکومت نے جان بوجھ کر ای وی ایم کو ایکٹ میں ڈالا تھا اور الیکشن کمیشن اس پر واضح مؤقف رکھتا ہے کہ ای وی ایم قابل عمل منصوبہ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں