کراچی: ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کو پاکستان کی سیکیورٹی سے متعلق بیان پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرارا جواب دے دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے جے شاہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ پاکستان نے گزشتہ 6 سالوں میں بہت سے ایونٹ اور کھلاڑیوں کی میزبانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی ورلڈ الیون اور سری لنکا کی میزبانی کی، 2018 میں ویسٹ انڈیز، 2019 میں ویسٹ انڈیز ویمن اور سری لنکن ویمن کی میزبانی کی۔ 2020 میں بنگلہ دیش پاکستان سپرلیگ، ایم سی سی اور زمبابوے کی میزبانی کی۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کیخلاف جیت، قومی ٹیم کا رن ریٹ 1.05 پر پہنچ گیا
شاہد آفریدی نے کہا کہ 2021 میں ویسٹ انڈیز، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ، جنوبی افریقہ اور پھر ویسٹ انڈیز کی میزبانی کی۔ 2022 میں آسٹریلیا، پی ایس ایل، بنگلہ دیش انڈر 19، آئرلینڈ اور انگلینڈ کی میزبانی کی جبکہ 2023 میں نیوزی لینڈ، پی ایس ایل اور خواتین کے نمائشی میچ کی میزبانی کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم بھی پاکستان میں موجود ہے۔ جے شاہ صاحب! پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 اور بھارت کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔