اسلام آباد(زاہد گشکوری، ہیڈ انویسٹی گیشن ٹیم)چوہدری پرویز الہی کرپشن سکینڈل میں بڑی پیش رفت ،محمد خان بھٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد خان بھٹی کو تعمیراتی ٹھیکوں میں 1 ارب کی کرپشن کے الزام پر نیب لاہور نے گرفتار کیا، ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گجرات و دیگر شہروں میں غیرقانونی بھرتیوں میں ملوث ہونیکا بھی الزام ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دیگر ملزمان کیساتھ محر عظمت حیات کو پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں بطور ایکسین بھرتی کروا کر استعمال کیا، ملزم محمد خان بھٹی کی شریک ملزمان سے ملی بھگت سے گجرات میں 116 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔
ذرائع کے مطابق ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد بٹورے گئے، من پسند کنٹریکٹر عظمت حیات کو ٹھیکوں میں رشوت کیلئے استعمال کیا گیا، ملزمان نے تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیداروں کو مکمل ادائیگیوں سے کمیشن وصول کی۔
ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی رقم چوہدری پرویز الہی، مونس الہی ، اور محمد خان بھٹی کے زاتی اکائونٹس میں منتقل ہوتی رہی، نیب لاہور نے تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے ملزم محمد خان بھٹی کی سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے کسٹڈی حاصل کر لی۔