امریکہ کی پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی

America

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کے ساتھ معاشی استحکام اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سفارت کار وکٹوریہ نولینڈ نے پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور انہیں وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

امریکی سفارت کار نے پاکستان کے قوانین اور آئین کے مطابق بروقت، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کے معاشی استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین کیلئے نئے عسکری امدادی پیکج کا اعلان

امریکی سفارت کار کی پاکستان کے نگران وزیر خارجہ سے گفتگو پر امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بات چیت پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اس کی مسلسل مصروفیت پر مرکوز تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ خلیل عباس جیلانی آئندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہونے والے 78ویں اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری وزیراعظم کے ہمراہ امریکہ بھی جائیں گے۔


متعلقہ خبریں