اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز اُتر گئی


اسکردو انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز اتر گئی، پہلی بین الاقوامی پرواز دبئی سے اسکردو پہنچی، اسکردو ایئر پورٹ پرمسافروں کا خیر مقدم کیا گیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز پی کے 234 اسکردو ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔ دبئی سے آںے والے پرواز کے ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد اسکردو کو بین الاقوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا۔

دبئی سے آنے والے مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔ اس موقع پر تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اسکردو ایئرپورٹ سے اب بین الاقوامی پروازیں بھی چلیں گی

پی آئی اے کی پروزاوں کے اس نئے آغاز کے بعد قومی ایئرلائن نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ جس کے بعد اسکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروادیا گیا۔ دبئی سے اسکردو کا یہ سفر اب صرف ساڑھے تین گھنٹوں میں طے کیا جاسکے گا۔

دبئی سے آنے والے سیاح اس سفر کے دوران گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ساتھ ہی کے ٹو اور نانگہ پربت جیسے ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں کے خوبصورت نظارے بھی سیاحوں کو محظوظ کریں گے۔

پی آئی اے کی دبئی سے اسکردو کی ہفتہ وار پروزایں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔


متعلقہ خبریں