گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھر پر چھاپہ مارا، شیخ رشید


عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پولیس لال حویلی پر ریڈ کرکے انکا قیمتی سامان ساتھ لے گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس گھر سے قیمتی سامان، ڈرائیور اور ملازمیں کو ساتھ لے گئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی پر لال حویلی میں 50 سال سے تقاریب ہو رہی ہیں۔ پولیس لاؤڈ اسپیکر، آتش بازی کا سامان اور اسٹیج اٹھا کر لے گئی۔ لال حویلی کے راستے بند کیے گئے تو رات 10 بجے فیصلہ کریں گے کہ آتش بازی کہاں کریں۔

بلاول کسی افریقی ملک کا بھی وزیراعظم نہیں بن سکتا، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھ پر 3 خودکش حملے ہوئے ہیں، اب کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو ذمے دار موجودہ حکمران ہوں گے۔ پولیس لال حویلی سے کیمرے، لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی لے گئی، لال حویلی کے باہر سے تمام بیریئرز ہٹا دیے گئے ہیں جو سیکیورٹی وجوہات پر لگائے گئے تھے۔

عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہداء، غازیوں اور ملک بنانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عوام تیار رہے ہو سکتا ہے یومِ آزادی کا جلسہ راجہ بازار، کمیٹی چوک یا چاندنی چوک پر ہو۔ ہر 3 گھنٹے کے بعد ویڈیو پیغام جاری کروں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو مجھ سے بات کریں، ہم سیاسی جلسہ نہیں کر رہے بلکہ یومِ آزادی کی تقریب ہے۔


متعلقہ خبریں