نواب شاہ سرہاری کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے بعد پاک فوج اور رینجرز کی طرف سے جائے حادثہ پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی طرف سے امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ جائے حادثہ پر پاک فوج اور رینجرز کے امدادی دستے بھی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے مزید دستوں کو حیدرآباد اور سکرنڈ سے طلب کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کیلئے روانہ کردیے گئے ہیں۔ ریسکیو ہیلی کاپٹرز سے جلد از جلد زخمیوں کی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے گا۔
پاک فوج اور رینجرز کے حکام جائے حادثہ پر اشیاءِ خوردونوش بھی لے کر پہنچ رہے ہیں۔ پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کا سلسلہ آخری زخمی کی ہسپتال منتقلی اور جائے حادثہ پر پھنسے افراد کی بحالی تک جاری رہے گا۔