سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آئندہ انتخابات میں پارٹی نامزدگی خطرے میں پڑگئی، صدارت کے امیدوار ہوں گے یا نہیں، سوالات اٹھنے لگے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قانونی مسائل ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور صدر امیدوار بننے کی راہ میں خطرات پیدا کرسکتے ہیں۔ ٹرمپ کے 45 فیصد حامیوں کے مطابق ٹرمپ کے مجرم قرار پانے کی صورت میں ان کی حمایت نہیں کریں گے۔
اسی طرح ریبپلکن پارٹی کے 52 فیصد افراد ایسے ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ اگر سابق صدر کو جیل کی سزا ہوگئی تو وہ ٹرمپ کی حمایت نہیں کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو بےقصور قرار دے دیا
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کیپیٹل ہل حملہ کیس میں شاملِ تفتیش ہیں۔ 6 جنوری 2021 کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور سکیورٹی حصار توڑتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے تجزیہ کاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات ثابت ہونے کی صورت میں انہیں مجموعی طور پر 55 برس قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی وجہ سے انہیں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔