حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کے بعد عوام پر بجلی بم گرا دیا ہے ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فی یونٹ کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے سے بڑھا کر 29 روپے 78 پیسے کر دیا گیا ہے۔
بجلی کے 100 یونٹ استعمال کرنے پر 500 روپے بڑھائے گئے ہیں ، اگر پرانا بل 1340 روپے ہے تو نیا بل 1826 روپے ادا کرنا ہوگا ، 200 یونٹ استعمال کرنے پر ایک ہزار روپے اضافہ لگے گا، 200 یونٹ پر پرانا بل 3700 روپے ہونے کی صورت میں نیا بل 4700 روپے ادا کرنا پڑے گا۔
آئی ایم ایف کی شرائط پر کسانوں کیلئے بجلی مہنگی
300 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے 2 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، 300 یونٹ کا پرانا بل 6 ہزار ہے تو نیا بل 8 ہزار روپے ہوگا ، 400 یونٹ والے صارف کو 2300 روپے اضافی جمع کرانا پڑیں گے، پرانا بل 10 ہزار ہونے کی صورت میں نیا بل 12300 روپے آئے گا۔
500 یونٹ خرچ کرنے والوں کیلئے 3 ہزار روپے بجلی مہنگی کر دی گئی ہے، اب وہ 13 ہزار کے بجائے 16 ہزار روپے کا بل جمع کرائیں گے، 700 یونٹ پر 4 ہزار روپے اضافہ لگایا گیا ہے، اگر پرانا بل 24 ہزار ہے تو نیا بل 28 ہزارروپے آئے گا۔