فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال کے لیے فائلر اور نان فائلر کے ٹیکس ریٹ مقرر کر دیئے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سب سے زیادہ ٹیکس پرائز بانڈز کی آمدنی پرہو گا۔ سالانہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کا انعامی بانڈ نکلنے پر 15 فیصد جبکہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے کا انعام نکلنے پر 30فیصد کٹوتی کی جائیگی۔
اسی طرح سیونگ اکاؤنٹ منافع پرٹیکس گوشوارے جمع کرانیوالوں کیلئے ٹیکس شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد جب کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے کے سیونگ اکاؤنٹ پرافٹ سے 30 فیصد کٹوتی کی جائیگی۔
دودھ کے ڈبے پر سیلز ٹیکس 500 روپے سے بڑھا کر 600 روپے کردیا گیا
فائلر سے رینٹ انکم پر 5 سے 15 فیصد جب کہ نان فائلر کی رینٹ انکم پر 10سے 15 فیصد انکم ٹیکس وصول کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ بونس شیئرز کے اجراء پر فائلر سے 10 فیصداور نان فائلر سے 20فیصد ٹیکس کٹے گا۔ پراپرٹی آکشن کی رقم پر فائلر سے 5 فیصد اور نان فائلر سے 10فیصد کٹوتی ہو گی۔
موٹر وہیکل لیزنگ پر فائلر سے زیرو ٹیکس جبکہ نان فائلر سے 12 فیصد ٹیکس کٹوتی ہوگی۔ موٹر گاڑیوں کی رجسٹریشن پر فائلر سے 10 ہزار روپے سے لیکر 5 لاکھ جب کہ نان فائلر کو چھوٹی سے چھوٹی گاڑی کی خریداری پر 30ہزار اور بڑی گاڑی کی خریداری پر 15 لاکھ روپے ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہو گی۔
علاوہ ازیں مخصوص سروسز پر فائلر سے 3 فیصد ، نان فائلر سے 6 فیصد جبکہ سروسز پر عمومی ٹیکس فائلر سے 7فیصد اور نان فائلر سے 14 فیصد ٹیکس لیا جائیگا، 25 ہزار ماہانہ بجلی بل ادا کرنیوالے فائلر سے زیرو ٹیکس زیرو جب کہ نان فائلر سے بجلی کے بل پر ساڑھے 7 فیصد ٹیکس وصولی ہو گی۔