وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے میرٹ آرڈر کے برعکس بجلی خریداری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر توانائی نے واضح کیا ہے کہ بجلی کی خریداری صرف اور صرف نیپرا قوانین اورمقررہ میرٹ آرڈر کے تحت ہی کی جائے گی۔
پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہر صورت میرٹ آرڈر پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
پنجاب اسمبلی نے ٹریفک جرمانوں میں کمی کی منظوری دے دی
انہوں نے کہا کہ کم سے کم قیمت والے پاور پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر چلایا جائے گا تاکہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے اور نظام میں شفافیت برقرار رہے۔
وزیر توانائی نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے اور مہنگے پاور پلانٹس سے بجلی کی فراہمی صرف اسی صورت میں ممکن ہوگی جب وہ میرٹ آرڈر کے معیار پر پورا اتریں۔
پاور ڈویژن کے مطابق واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی پاور پلانٹ سے بجلی بغیر میرٹ آرڈر کے نہیں لی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ توانائی کے شعبے میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
