پاکستان میں پہلی ہوائی ٹیکسی متعارف کرانے کی تیاریاں


اسلام آباد: پاکستان میں پہلی ہوائی ٹیکسی جلد متعارف کرا دی جائے گی۔

تیزی سے ترقی کے منازل طے کرتی دنیا میں ہوائی ٹیکسی بھی متعارف کرائی جا رہی ہے اور یہ ٹیکسی جلد پاکستان میں بھی موجود ہو گی جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔

پاکستان میں پہلی ہوائی ٹیکسی متعارف کرانے کے حوالے سے اسکائی ونگز ایوی ایشن نے کہا کہ ایریل ٹور سروس کے لیے جہاز پاکستان پہنچ چکا ہے اور ڈی اے 40 ڈائمنڈ سیریز ماڈل کے جہاز کا لیز پر معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔

اسکائی ونگز ایوی ایشن کے سی او او عمران اسلم خان کے مطابق ہوائی ٹیکسی کے طور پر استعمال ہونے والے سنگل انجن جہاز میں بیک وقت 4 مسافروں کی گنجائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترقیاتی کاموں کیلئے جاری فنڈز کی تفصیلات سامنے آ گئیں

سروسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے دیہی سندھ تک سروس جلد شروع کر دی جائے گی جبکہ بلوچستان کے مضافاتی علاقوں تک بھی سروس شروع کرنے کا ارادہ ہے۔ 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے والا جہاز جرمن ساختہ ہے۔

عمران اسلم کا کہنا تھا کہ ہوائی ٹیکسی کی سروس کے لیے جلد ایپ بھی متعارف کرا دی جائے گی جس کے ذریعے بکنگ ہو سکے گی۔ اسکائی ونگز نے ایمبولینس سروس، ون ڈے پائلٹ اور تربیت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں