پرویز الہٰی کے گھر سے پولیس پر شدید پتھراؤ


لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پرویز الہٰی کے گھر سے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا گیا۔

پولیس اہلکار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور پرویز الہٰی کے ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔

اس سے قبل اینٹی کرپشن کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور پولیس اہلکاروں نے دیوار پھلانگ کر پرویز الہٰی کے گھر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پرویز الہٰی کے گھر سے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا گیا اور انہیں گھر میں داخل ہونے سے روکا گیا۔

شدید پتھراؤ کے باعث پولیس اہلکار پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔ پولیس نے پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ سے ان کے ملازمین کو گرفتار کر لیا۔

اس سے قبل چودھری پرویز الہٰی کی قانون ٹیم نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کی ضمانت ہو چکی ہے تو پولیس نے جج کے ضمانت کے آرڈر دکھانے کی ہدایت کی۔

ایڈووکیٹ نادر دوگل نے کہا کہ اینٹی کرپشن ٹیم 6/23 مقدمہ میں گرفتار کرنے پہنچی ہے اور یہ مقدمہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ میں درج ہے جسے گوجرانوالہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے درج کیا ہے۔ اس کیس میں 6 مئی تک ضمانت ہوئی ہے۔

عامر سعید ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ مقدمہ کل رات گوجرانوالہ میں درج کیا گیا تھا جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے آج ضمانت دی ہے تاہم یہ بضد ہیں کہ انہوں نے کورٹ کے آرڈر تسلیم نہیں کرنے اور یہ چودھری پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے پر بضد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور اینٹی کرپشن کے اہلکار عدالت کے احکامات ہوا میں اڑا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں