نئی دہلی: بھارت میں ایک ایسا شخص بھی موجود ہے جو گزشتہ 28 سال سے صرف ناریل کھا کر زندہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا کا رہائشی 64 سالہ بالا کرشن پلائی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گزشتہ 28 سال سے صرف ناریل کھا رہا ہے اور اس تمام عرصے میں اس نے ناریل کے علاوہ دیگر کوئی چیز نہیں کھائی۔
بالا کرشن کا کہنا ہے کہ وہ جوانی میں فٹبالر تھے اور 35 سال کی عمر میں انہیں گیسٹرو ایسوفوگیل ریفلکس نامی بیماری نے آ گھیرا تھا وہ جو کچھ بھی کھاتے تو انہیں قے آجاتی اور کھایا پیا باہر نکل جاتا تھا۔ اس صورتحال میں وہ انتہائی کمزور اور لاغر ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس دوران کئی ٹوٹکے اختیار کیے لیکن کوئی فرق نہیں پڑا اس دوران ناریل کھانا شروع کیا اور اسی کا پانی استعمال کیا تو کافی بہتری محسوس ہوئی اور اس وقت سے ہی صرف ناریل کھا کر زندگی گزار رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت پکڑے جانے والے کبوتر سے خوفزدہ
کرشن کہتے ہیں کہ وہ اب کھانے اور پینے میں صرف ناریل کا ہی استعمال کرتے ہیں اور اسی وجہ سے خاندان نے ناریل کی کاشت بھی شروع کر رکھی ہے۔