ڈالر کی اونچی اڑان جاری، 228روپے کا ہوگیا


ڈالر کی اونچی اڑان جاری، مزید ایک روپے 56 پیسے مہنگا ہوکر 228 روپے 37 پیسے کا ہو گیا۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 56 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد آج  ڈالر228 روپے  37 پیسے کا ہوگیا ہے۔

پاکستان میں  گذشتہ کئی مہینوں سے روپے کی قدر میں گراوٹ دیکھنے میں آرہی ہے۔ملک میں  حکومت کی تبدیلی کے بعد11 اپریل سے  اب تک ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا آ رہا ہے۔

پاکستان میں 30 جون 2022 کو ختم ہونے والے مالی سال کے اختتام پر ایک ڈالر کی قیمت 204.85 کی سطح پر بند ہوئی تھی۔

ماہرین کے مطابق ملک کا بڑھتا ہوا درآمدی بل  ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔ جو عالمی مارکیٹ میں تیل، گیس اور اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بڑھا ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرضہ پروگرام کی بحالی میں تاخیر اور غیر یقینی سیاسی صورتحال  نے بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں